Baaghi TV

سکیورٹی فورسز کی بلوچستان،خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، 49 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ ملک کے مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائیوں کے دوران 49 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشتگردوں کے خلاف متعدد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 37 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں میں بڑی تعداد میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی برآمد کرکے تلف کردیئے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں بھی متعدد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈیز، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خاتمے کے لیے جاری بلا تعطل انسدادِ دہشتگردی مہم کا حصہ ہیں، جن کے ذریعے ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشتگردی کے خاتمے کے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی کی مہم جاری رکھی جائے گی۔

More posts