امریکا اور کینیڈا کی مشہور لیگ ’میجر لیگ سوکر‘ (ایم ایل ایس) نے حریف کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر انٹر میامی کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
19 اگست کو انٹر میامی اور فلاڈیلفیا یونین کے درمیان کھیلا گیا میچ 2-2 سے برابر رہا، تاہم اختتامی لمحات میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی،جبکہ ہاتھا پائی پر دو کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ بھی جاری ہوئے۔
میجر لیگ سوکر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیگ کی ڈسپلنری کمیٹی نے انٹر میامی کے فارورڈ لیونل میسی پر حریف کھلاڑی پر ہاتھ اٹھانے پر جرمانہ عائد کیا ہے، تاہم جرمانے کی رقم ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
یہ کارروائی انٹر میامی اور فلاڈیلفیا یونین کے درمیان 19 اگست کو کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں میدان کے اندر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان متعدد مواقع پر تلخی دیکھنے میں آئی تھی،میچ کے دوران لیونل میسی اور فلاڈیلفیا یونین کے مڈفیلڈر کوئن سلیوان کے درمیان بھی تنازع پیدا ہوا، میسی کا مؤقف تھا کہ گیند پاس کرنے کے بعد سلیوان نے انہیں کہنی ماری تھی۔
ریفری نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا اور معاملہ مزید بڑھنے سے روک دیا، تاہم دونوں کے درمیان تلخی برقرار رہی۔
میچ میں میسی نے انٹر میامی کی جانب سے ایک گول بھی کیا، جو لیگ میں کلب کے لیے ان کا دوسرا گول تھا،میسی 2023 میں انٹر میامی کا حصہ بنے تھے، جہاں ان کے سابق بارسلونا ساتھی لوئس سواریز، سرجیو بسکیٹس اور جورڈی البا بھی کھیل رہے ہیں۔
