Baaghi TV

صدر پاکستان سے سعودی سفیر نواف المالکی کی الوداعی ملاقات، خدمات پر خراج تحسین

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے الوداعی ملاقات کی، جس میں صدر نے پاک سعودی تعلقات کے فروغ کے لیے سعودی سفیر کی خدمات کو سراہا۔

ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ برادرانہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات کی مضبوط بنیاد پر قائم ہیں۔

آصف علی زرداری نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل اور بھرپور حمایت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی سفیر کے دور میں پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے جو مضبوط بنیاد قائم ہوئی، وہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صرف سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں برادر ممالک کے عوام مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بھی گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی محبت، تعاون اور مہمان نوازی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

More posts