لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک نوکری کا جھانسہ دے کر شہری سے 10 لاکھ روپے بٹورنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے لاہور کے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
جسٹس غلام سرور نہنگ نے جاوید محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم پر شہری کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے 10 لاکھ روپے لینے کا الزام ہے۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فریقین کے درمیان رقم کی واپسی کے لیے معاہدہ طے پایا تھا اور طے شدہ معاہدے کے مطابق نصف رقم ادا کی جا چکی ہے۔ وکیل کے مطابق مدعی نے تین برس بعد ملزم کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کروایا۔ملزم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیا جائے،عدالت نے ایف آئی اے لاہور کے تفتیشی افسر کو مقدمے کا ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
