پشاور ہائیکورٹ نے بجلی کے بل میں تفصیلات فراہم کیے بغیر مختلف ٹیکسز وصول کرنے سے روک دیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں بجلی کے بل میں مختلف ٹیکسز کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا،عدالت نے درخواست گزار کے بجلی کے بل میں ٹیکسز کی تفصیل فراہم کیے بغیر ان کی وصولی سے روک دیا، جبکہ اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے،عدالتی حکم نامے کے مطابق درخواست گزار بجلی کے بلوں کی باقاعدگی سے ادائیگی کرتا ہے، تاہم اگست کے بجلی بل میں بغیر کسی وضاحت کے اضافی ٹیکسز شامل کیے گئے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ متعلقہ حکام نے درخواست گزار کو بل کے بارکوڈ کو ڈی کوڈ کرنے کا کہا۔ بارکوڈ ڈی کوڈ کرنے پر معلوم ہوا کہ بجلی کے بل میں ایکسٹرا ٹیکس اور فردر ٹیکس وصول کیے گئے ہیں، جبکہ اس سے قبل یہ ٹیکسز بجلی کے بل میں شامل نہیں کیے گئے تھے،پشاور ہائیکورٹ نے درخواست پر مزید سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کردی۔
