پنجاب حکومت کے محکمہ اطلاعات و ثقافت نے فحش، غیر اخلاقی رقص اور نامناسب اشاروں کے الزام میں 8 سٹیج اداکاراؤں پر ایک ماہ کی پابندی عائد کردی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی مانیٹرنگ رپورٹ کی بنیاد پر خواتین فنکاراؤں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ حکام کے مطابق مختلف سٹیج ڈراموں کے دوران فحش اور غیر اخلاقی رقص، نامناسب حرکات اور اشاروں کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد متعلقہ اداکاراؤں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اداکارہ ماہی راجپوت، حنا شیخ اور ملائکہ شہزادی پر ایک ماہ کے لیے سٹیج پرفارمنس کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
اسی طرح مدیحہ خان، مہک نور اور مانو ملتان بھی ایک ماہ تک تھیٹر میں پرفارم نہیں کرسکیں گی، جبکہ رائمہ مہر اور حسنا جٹ پر بھی ایک ماہ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پابندی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پابندی کی مدت کے دوران مذکورہ اداکاراؤں کو سٹیج ڈراموں میں پرفارم کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس مغیث بن عزیز کے مطابق پنجاب بھر میں سٹیج ڈراموں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور مانیٹرنگ رپورٹس کی بنیاد پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے فنکاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سٹیج ڈراموں میں غیر اخلاقی اور نامناسب مواد کی روک تھام کے لیے مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ تھیٹر کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قابل اعتراض پرفارمنس اور حرکات کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔
