وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مزید مہنگے ہوگئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 39 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 341 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 341 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 2 روپے 40 پیسے بڑھنے کے بعد 368 روپے 29 پیسے سے بڑھ کر 370 روپے 69 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
وزارت پیٹرولیم کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقررہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سفارش کی، جس کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا گیا۔
نئی قیمتوں کا اطلاق 25 اگست کے لیے کیا گیا ہے اور وزارت پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتیں آج رات 12 بجے سے نافذ ہوں گی۔
اس سے قبل 21 اگست کو حکومت نے 24 اگست تک تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 81 پیسے اضافہ کرکے اسے 341 روپے 59 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 59 پیسے اضافہ کرکے 368 روپے 29 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
حالیہ اضافے کے بعد شہریوں پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا ایک اور بوجھ پڑ گیا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی اس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 مرتبہ کمی جبکہ 13 مرتبہ اضافہ کیا جاچکا ہے۔ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 مرتبہ کمی اور 16 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
حکومت نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم ہفتہ اور اتوار کے روز قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور سابقہ قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
