فیصل آباد میں ایف آئی اے اور ڈرگ اسکواڈ نے غیر قانونی ادویات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر رجسٹرڈ، جعلی اور ممنوعہ ادویات برآمد کرلیں، جبکہ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے اور ڈرگ اسکواڈ نے خفیہ اطلاع پر شہباز ٹاؤن میں ایک گھر پر کارروائی کی، جہاں مبینہ طور پر غیر قانونی ادویات کا ذخیرہ موجود تھا۔ چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ، جعلی اور ممنوعہ ادویات برآمد کی گئیں۔
کارروائی کے دوران مختلف اقسام کی غیر قانونی گولیاں اور کریمیں بھی قبضے میں لے لی گئیں، جبکہ ادویات کی غیر قانونی پیکنگ اور تیاری میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق برآمد ہونے والی ادویات کی مجموعی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم رضوان الیاس کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ، جعلی اور ممنوعہ ادویات کی تیاری، ذخیرہ اور فروخت انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے، جس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
