راولپنڈی کے علاقے سلیمان آباد میں 12 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے، پولیس نے بچی کے بیان کی روشنی میں مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا۔
تھانہ ویسٹریج پولیس کے مطابق 12 سالہ بچی 27 اگست کی رات گھر سے لاپتہ ہوگئی تھی، جسے 28 اگست کی صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے قریبی گھر سے بازیاب کرایا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی نے مبینہ زیادتی کا انکشاف کرتے ہوئے ملزم کی نشاندہی کی، مقامی ذرائع کے مطابق اہل علاقہ نے مبینہ ملزم کو پکڑا، جس کے بعد بچی کے والد اور چچا کی جانب سے اس پر مبینہ تشدد کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر بڑی تعداد میں اہل علاقہ بھی موقع پر جمع ہوگئے۔بعد ازاں پولیس نے اسے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ حقائق جاننے کے لیے قانونی کارروائی اور تفتیش کی جارہی ہے۔
