کوئٹہ: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے پیر کے روز بلوچستان ہائیکورٹ میں نئے تعمیر شدہ سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، سپریم کورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اور عدالتی افسران نے شرکت کی۔ چیف جسٹس پاکستان نے سہولت مرکز کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سائلین و وکلاء کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ بلوچستان آنا ان کے لیے ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ نئے سہولت مرکز کے قیام کا مقصد سائلین اور وکلاء کو ایک ہی مقام پر فوری، آسان اور مؤثر عدالتی خدمات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سہولت مرکز سے عدالتی امور کی انجام دہی میں آسانی ہوگی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اسی نوعیت کے سہولت مراکز بلوچستان کے ہر ضلع اور تحصیل تک قائم کیے جائیں تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بھی عدالتی سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہوسکے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے اعلان کیا کہ جسٹس فنڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ملک بھر کے اضلاع میں سہولت مراکز کے قیام کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے 8 اگست کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں اور جدوجہد کو آگے بڑھانا ہی انہیں بہترین خراج تحسین پیش کرنے کا ذریعہ ہے۔
نئے سہولت مرکز میں سائلین اور وکلاء کو ایک ہی مقام پر مقدمات کی فائلنگ، تصدیق شدہ نقول کے حصول، ضروری معلومات اور دیگر عدالتی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس سے شہریوں کے وقت اور اخراجات میں کمی کے ساتھ عدالتی امور کی انجام دہی بھی مزید آسان ہوگی۔
عدلیہ کے مطابق سہولت مرکز کا قیام عوام کو بروقت، آسان اور مؤثر انصاف تک رسائی فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
