بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں بیوی کے مبینہ ناجائز تعلقات کے شبہے میں شوہر نے اسے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق 30 سالہ ٹیکسی آپریٹر رامانوجن گوسوامی نے مبینہ طور پر اپنی 25 سالہ بیوی ریا تالوکدار کو 3 ستمبر کی صبح قتل کیا۔ واردات کے بعد ملزم مکان کو باہر سے تالا لگا کر فرار ہوگیا، تاہم بعدازاں ہٹی گاؤں پولیس اسٹیشن پہنچ کر خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔یہ افسوسناک واقعہ گوہاٹی کے باسیٹھاپور علاقے میں ایک کرائے کے مکان میں پیش آیا۔ پولیس کو پڑوسیوں کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ بند مکان سے شدید بدبو آرہی ہے، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر مکان کھولا اور تلاشی لی۔پولیس کے مطابق تلاشی کے دوران فریج سے مقتولہ کا سر ایک سیاہ پلاسٹک بیگ میں برآمد ہوا، جبکہ جسم کے دیگر حصے بھی مکان سے ملے۔ جائے وقوعہ سے خون آلود تیز دھار آلہ بھی قبضے میں لیا گیا جسے فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ مکان سے شراب کی خالی بوتلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم نے دورانِ تفتیش دعویٰ کیا کہ قتل کے وقت وہ نشے کی حالت میں تھا، تاہم پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کررہی ہے۔
پڑوسیوں کے مطابق 3 ستمبر کو میاں بیوی کے درمیان شدید جھگڑا ہوا تھا اور گھر سے چیخنے کی آوازیں بھی سنائی دی تھیں۔ بعدازاں شوہر نے مکان کو باہر سے تالا لگایا اور وہاں سے چلا گیا، جس پر پڑوسیوں کو شک ہوا۔ابتدائی شواہد کے مطابق مقتولہ کی موت سر برآمد ہونے سے کم از کم 24 گھنٹے قبل ہوئی تھی۔ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلیے ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس نے ملزم کے خلاف قتل اور شواہد ضائع کرنے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس قتل کے محرکات، مبینہ ناجائز تعلقات کے شبہے اور دیگر شواہد کا جائزہ لے رہی ہے۔مقتولہ ریا تالوکدار ایک بوتیک میں کام کرتی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق ریا اور گوسوامی کئی برس سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے اور دونوں نے گزشتہ سال شادی کی تھی۔اہل خانہ نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ گوسوامی کے ماضی میں گھریلو تشدد کے واقعات سامنے آچکے تھے اور رواں سال وہ تقریباً تین ماہ بحالی مرکز میں بھی رہا تھا۔ پولیس واقعے کے پس منظر اور ملزم کے سابقہ رویے سمیت تمام پہلوؤں کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔
