Baaghi TV

نادرا اور وفاقی تعلیمی بورڈ میں معاہدہ، طلبہ کا شناختی و تعلیمی ریکارڈ ڈیجیٹل طور پر منسلک کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:نادرا نے ملک کے تمام تعلیمی بورڈز اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ساتھ ڈیٹا کی ڈیجیٹل ترسیل کو مربوط بنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی تعلیمی بورڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیے۔

معاہدے کے تحت قومی شناخت اور تعلیمی ریکارڈ کو باہم منسلک کرنے کے لیے ڈیٹا کے باہمی تبادلے کا نظام وضع کیا جائے گا۔ نادرا اپنے ریکارڈ میں موجود طلبہ کی بنیادی معلومات وفاقی تعلیمی بورڈ کو فراہم کرے گا، جن میں نام، ولدیت، تاریخ پیدائش اور دیگر متعلقہ تفصیلات شامل ہوں گی۔

اس نظام کے ذریعے طلبہ کی رجسٹریشن اور تعلیمی اسناد کے ریکارڈ کو ایک دوسرے سے مربوط کیا جائے گا، جس سے طلبہ کی معلومات کی تصدیق اور تعلیمی ریکارڈ کی درستگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

نادرا کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے رجسٹریشن کے دوران ہونے والی غلطیوں اور مختلف ریکارڈز میں معلومات کے تضاد کو کم کیا جاسکے گا، جبکہ درست اور قابل اعتماد تعلیمی اسناد کے اجرا سے تعلیمی اداروں کے انتظامی امور بھی زیادہ مؤثر انداز میں انجام دیے جاسکیں گے۔

منصوبے کے تحت طلبہ کے لیے ڈیجیٹل والٹ بھی متعارف کرانے کی تجویز ہے، جس کے ذریعے انہیں اپنی تعلیمی اسناد اور متعلقہ ریکارڈ تک محفوظ ڈیجیٹل رسائی حاصل ہوگی۔

نادرا اور وفاقی تعلیمی بورڈ کے درمیان ہونے والے معاہدے کو قومی شناختی ریکارڈ اور تعلیمی نظام کو ڈیجیٹل طور پر مربوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

More posts