فرانس کی خاتونِ اول بریجٹ میکرون کی 42 سالہ بیٹی تیفین اوزیئر ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تیفین نے 22 سالہ نوجوان اینطوان لُوکومٹ کے ساتھ اپنے تعلقات کی تصدیق سوشل میڈیا پر ایک تصویر کے ذریعے کی ہے۔رپورٹ کے مطابق تیفین اوزیئر نے انسٹاگرام پر ایمسٹرڈیم میں چھٹیوں کے دوران اینطوان لُوکومٹ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس میں دونوں ایک ساتھ خوشگوار انداز میں نظر آ رہے ہیں۔ دونوں کے درمیان عمر کا فرق تقریباً 20 سال ہے۔ذرائع کے مطابق تیفین اور اینطوان کی ملاقات فرانس کے شمال مغربی ساحلی قصبے لے توکے میں ہوئی، جہاں اینطوان کائٹ سرفنگ انسٹرکٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔
ایک قریبی دوست نے فرانسیسی میگزین ’گالا‘ کو بتایا کہ دونوں کے درمیان قربت فوری طور پر نمایاں ہوگئی تھی۔ دوست کے مطابق تیفین اور اینطوان کو لے توکے، مہم جوئی، سفر اور کاروباری سرگرمیوں میں مشترکہ دلچسپی ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بریجٹ میکرون اپنی بیٹی کی نئی محبت سے خوش ہیں۔ تیفین اوزیئر کی اس سے قبل دائیں بازو سے وابستہ فرانسیسی ٹی وی میزبان سیرل ہانونا کے ساتھ تعلقات کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم دونوں کی یہ قربت چند ماہ قبل ختم ہوگئی تھی۔قریبی ذرائع کے مطابق بریجٹ میکرون کے لیے سب سے اہم بات ان کی بیٹی کی خوشی ہے اور وہ تیفین کو خوش دیکھ کر مسرور ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بریجٹ اینطوان سے ملاقات پر بھی خوش ہوں گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اینطوان لُوکومٹ پہلے ہی تیفین کے دونوں بچوں، 10 سالہ اوریلے اور 12 سالہ ایلیز، سے ملاقات کر چکے ہیں۔
تیفین اور اینطوان کے درمیان 20 سالہ عمر کا فرق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور بریجٹ میکرون کے درمیان عمر کے فرق سے کم ہے۔ بریجٹ میکرون کی عمر 73 سال جبکہ ایمانوئل میکرون کی عمر 48 سال بتائی گئی ہے۔بریجٹ اور ایمانوئل میکرون کے تعلقات بھی برسوں سے عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ دونوں کی ملاقات اس وقت ہوئی جب ایمانوئل نوعمری میں تھے اور بریجٹ ان کی استاد تھیں۔ بعد ازاں دونوں نے شادی کرلی۔یوں تیفین اوزیئر کا اپنے سے 20 سال کم عمر شخص کے ساتھ تعلق ایک بار پھر میکرون خاندان کی نجی زندگی اور عمر کے بڑے فرق والے رشتوں کو بین الاقوامی میڈیا کی بحث میں لے آیا ہے۔
