Baaghi TV

بسنت 2027 کی تیاریاں، پتنگ و ڈور سازوں کو 6 ماہ قبل لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ

بسنت 2027 کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر کی زیرِ صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ بسنت سے تقریباً چھ ماہ قبل پتنگ اور ڈور کی تیاری کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بسنت پورٹل کو فعال کرنے کے لیے ضروری ہوم ورک بھی مکمل کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پتنگ اور ڈور تیار کرنے والے مینوفیکچررز کو لائسنس جاری کرنے کا عمل آئندہ ہفتے سے شروع کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بسنت پورٹل بھی آئندہ ہفتے فعال کردیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں پورٹل صرف مینوفیکچررز کے لیے کھولا جائے گا، جہاں وہ ای بز پورٹل کے ذریعے لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق لائسنس کے اجرا کے بعد ہی مینوفیکچررز کو پتنگ اور ڈور تیار کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو بسنت کی تیاریوں، لائسنسنگ کے عمل اور پورٹل سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

بسنت پورٹل فعال کرنے اور پتنگ و ڈور کی تیاری شروع کرنے کی تاریخ کا باضابطہ اعلان سینئر صوبائی وزیر کی جانب سے کیا جائے گا، جبکہ مینوفیکچرنگ کی اجازت وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ بسنت کے موقع پر پتنگ اور ڈور کی تیاری کی اجازت تقریباً ایک ماہ قبل دی گئی تھی، تاہم رواں مرتبہ چھ ماہ پہلے مینوفیکچرنگ شروع کرنے کی اجازت دینے کا مقصد پتنگ اور ڈور کی وافر دستیابی یقینی بنانا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں پتنگ اور ڈور نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

More posts