کچھ فلمیں تفریح کے لیے نہیں ہوتیں، وہ انسان کے اندر ایک ایسا سوال چھوڑ جاتی ہیں جس کا جواب گھر واپس آکر بھی نہیں ملتا۔ Irrefutable Proof ایسی ہی فلم ہے۔ یہ فلم خدا کے وجود پر ایک سادہ سی بحث نہیں کرتی بلکہ ایک خطرناک خیال ہمارے سامنے رکھتی ہے۔ اگر ایک دن کوئی ذہین ترین انسان یہ ثابت کر دے کہ خدا موجود نہیں، تو کیا انسان اس سچ کے ساتھ زندہ رہ سکے گا؟
فلم کی مرکزی کردار جینین مارکھم ایک عالمی شہرت یافتہ ایسٹرو فزیسسٹ ہے۔ وہ کوئی عام شکی انسان نہیں بلکہ کائنات کے راز سمجھنے والی سائنس دان ہے۔ وہ خدا کے تصور کو محض عقیدے کے طور پر قبول کرنے کے بجائے اسے چیلنج کرتی ہے۔ اس کی تحقیق کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ کائنات کو وجود میں آنے کے لیے کسی خالق کی ضرورت نہیں؛ شاید وجود خود اپنے آپ سے پیدا ہوا، شاید ہر چیز محض اتفاقات کا نتیجہ ہے۔ یہیں سے فلم ایک عام سائنسی بحث سے نکل کر ایمان اور انکار کے درمیان خطرناک سفر شروع کرتی ہے۔
پھر وہ حادثہ پیش آتا ہے۔ ایک لیکچر سے عین پہلے جینین کا خوفناک کار ایکسیڈنٹ ہوتا ہے اور وہ کوما میں چلی جاتی ہے۔ جسم ایک جگہ پڑا ہے مگر ذہن شعور اور لاشعور کے درمیان کسی عجیب دنیا میں بھٹک رہا ہے۔ یہاں فلم حقیقت اور وہم، زندگی اور موت، شعور اور لاشعور کے درمیان ایسی لکیر کھینچ دیتی ہے جسے دیکھنے والا بھی آسانی سے عبور نہیں کر پاتا۔
لیکن اصل کھیل حادثے کے بعد شروع ہوتا ہے۔ جینین کو اپنی تحقیق کے لیے ایسا مواد ملتا ہے جو بظاہر اس کے نظریے کو وہی ناقابلِ تردید ثبوت فراہم کرتا ہے جس کی وہ تلاش میں تھی۔ ایک سائنس دان کے لیے اس سے بڑی کامیابی کیا ہو سکتی ہے؟ جس نظریے پر اس نے اپنی زندگی لگا دی، اب اس کے ہاتھ میں اس کا آخری ثبوت موجود ہے۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ یہ ثبوت کہاں سے آیا ہے؟ اور وہ طاقت کون سی ہے جو اسے اس منزل تک پہنچا رہی ہے؟
یہیں فلم اپنا سب سے خوفناک دروازہ کھولتی ہے۔ جینین کو جو کچھ مل رہا ہے وہ صرف سائنسی معلومات نہیں رہتا، اس کے پیچھے ایک تاریک اور پراسرار قوت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ گویا اسے اس کی خواہش کے مطابق جواب تو مل رہا ہے، مگر اس جواب کی قیمت بھی کہیں لکھی ہوئی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں Irrefutable Proof جدید سائنس کی بحث کو قدیم انسانی خوف سے جوڑ دیتی ہے۔ شیطان ہمیشہ جھوٹ بول کر نہیں بہکاتا، کبھی کبھی وہ انسان کو وہ سچ بھی دے دیتا ہے جس کی اسے سب سے زیادہ خواہش ہو۔
اور پھر وہ لمحہ آتا ہے جب خدا کے نہ ہونے کا ثبوت سامنے رکھ دیا جاتا ہے۔ ایک ایسی محفل میں جہاں شاید لوگوں کو کسی نظریے کی فتح کا انتظار تھا، اچانک جشن نہیں ہوتا۔ چہروں پر بے چینی ہے۔ خاموشی ہے۔ جیسے کسی نے صرف خدا کا تصور نہیں چھینا بلکہ لوگوں کے اندر سے ایک سہارا نکال لیا ہو۔ اس منظر کی طاقت اسی خاموشی میں ہے؛ کیونکہ بعض اوقات انسان کو جس سچ کی تلاش ہوتی ہے، وہ سچ ملنے کے بعد اس کے لیے سب سے بڑا المیہ بن جاتا ہے۔
اور پھر پروفیسر کے منہ سے وہ جملہ نکلتا ہے جو پوری فلم کو ایک نئی معنویت دے دیتا ہے: مجھ سے کچھ غلط ہوگیا… میں نے ان سے ان کا کھلونا چھین لیا… یہ اب کھیلیں گے کس سے؟ یہاں "کھلونا” دراصل خدا کا تصور ہے؟ یا شاید اس سے بھی زیادہ کچھ۔ وہ امید جس کے ساتھ انسان اپنی مختصر زندگی گزارتا ہے۔ وہ یقین کہ دکھ کا کوئی مطلب ہے، موت آخری دروازہ نہیں، دعا کہیں تو پہنچتی ہے، اور اس بے رحم کائنات میں انسان بالکل اکیلا نہیں۔
فلم کا سب سے کاٹ دار سوال یہی ہے کہ کیا ہر سچ انسان کے لیے ضروری بھی ہوتا ہے؟ ہم سچ چاہتے ہیں، مگر کیا ہم اس کی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں؟ جینین خدا کو رد کرنے نکلی تھی، مگر راستے میں اسے کئی خوفناک حقیقتوں کا سامنا کرنا پڑا: ایک ایسی حقیقت جس کے سامنے انسان کا اپنا وجود بے معنی دکھائی دینے لگتا ہے۔
پاکستان جیسے معاشرے میں، جہاں خدا صرف ایک مذہبی تصور نہیں بلکہ روزمرہ زندگی، اخلاق، امید، موت، دعا اور مستقبل کے ساتھ جڑا ہوا ہے، یہ فلم ایک خاص شدت سے اثر کرتی ہے۔ یہاں سوال یہ نہیں کہ ہم جینین کی تحقیق سے اتفاق کرتے ہیں یا نہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر ہمارے تمام یقین ہم سے ایک ایک کرکے چھین لیے جائیں تو آخر ہمارے پاس بچے گا کیا؟
شاید فلم کا سب سے بڑا سبق یہ نہیں کہ خدا ہے یا نہیں۔ شاید یہ ہے کہ انسان کو اپنے غرور سے محتاط رہنا چاہیے۔ ہر دروازہ کھولنا ضروری نہیں، ہر راز جاننا ضروری نہیں، اور ہر ثبوت حاصل کرنا کامیابی نہیں ہوتا۔
کبھی کبھی انسان خدا کو تلاش کرتے ہوئے یہ بھول جاتا ہے کہ وہ خود کتنا محدود ہے اور شاید Irrefutable Proof ہمیں آخر میں یہی سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ خدا کو غلط ثابت کرنے کی خواہش میں کہیں ہم نے یہ تو نہیں بھلا دیا کہ اگر واقعی خدا نہ ہو، تو پھر اس کائنات میں ہماری امید کا آخری پتہ کیا ہے؟
