مرکزی مسلم لیگ کے قائدین نے کہا ہے کہ نظام ناکام ہونے کی باتیں ہو رہیں،کلمے کا نظام لے آئیں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا،عدم برداشت، دہشتگردی بڑے مسائل،قوم کو اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے، فاتح پاکستان آج امت کی قیادت کرنے کو تیار ہے، تین ملکی معاہدے کے بعد مزید ممالک بھی اس میں شامل ہوں گے،وطن عزیز کے لئے جانیں قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں،ختم نبوت کا دفاع ہرکلمہ اپنا فرض سمجھتا ہے،
مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے موقع پر فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،پشاور ،کراچی میں سیر ت النبی و دفاع پاکستان کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے کثیر تعداد میں کانفرنسوں میں شرکت کی، اس موقع پر شرکاء میں جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا، شرکاء پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد، حرمت رسول پر جان بھی قربان ہے و دیگر نعرے لگاتے رہے.کانفرنسوں سے مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو،سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری،نائب صدر حافظ عبدالرؤف،جوائنٹ سیکرٹری محمد یعقوب شیخ،مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، صدر پنجاب چوہدری محمد سرور،مولانا منظور احمد،علامہ ناصر مدنی،صدر سندھ فیصل ندیم ،محمد یوسف انور ، محبوب زمان بٹ ، سردار محمد بلال ڈوگر ، قاری شبیر عثمانی،صدر خیبر پختونخوا محمد اشفاق،چیف خطیب خیبرپختونخوا محمد طیب قریشی، امیر جمعیت علمائے اسلام (س) عبدالحق حقانی و دیگر نے خطاب کیا،خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ ملک میں طبقاتی نظام ، ہم لسانیت میں بٹے ہوئے ہیں، اس تقسیم کو ختم کر کے ہمیں ایک قوم بننا ہو گا ،جہاں مسلمان ہونے کی حیثیت سے ختمِ نبوت کا دفاع ضروری ہے، وہاں پاکستانی ہونے کی حیثیت سے پاکستان کا دفاع بھی ضروری ہے، سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ زندگی کے ہر میدان میں کامیابی چاہتے ہیں توسیرت طیبہ سے رہنمائی لیں، پاکستان کے استحکام، تکمیل کے لئے مرکزی مسلم لیگ متحرک ہے، حافظ عبدالرؤف، یعقوب شیخ، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہم سن رہے ہیں کہ ملک کا نظام تباہ ہو رہا ہے، یاد رکھیں ملک کو اس بات کی اشد کی ضرورت ہے کہ ایک نظریاتی تحریک کھڑی کی جائے ایک ایسی جماعت جو ہر مسلک،برادری کو ساتھ لے کر چلے، پاکستان کلمہ کے نام پر بنایا گیا تھا لیکن قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل باقی ہے،دیگرقائدین کا کہنا تھا کہ دشمن پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنا چاہتا تھا، مگر اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت و وقار عطا کیا، وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہماری پہچان اور فخر ہیں،جب بھی پاکستان کے دفاع کی بات ہوگی پوری قوم متحد ہوکر سامنے آئے گی، اور ملک کو مضبوط بنانے کے لیے قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔
