Baaghi TV

شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔

اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیوں کی حوالگی کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔ وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہا ۔

آئی جی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کے لیے قائم کی گئی نئی فورس "کیپٹل پٹرول” کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ فورس میں مجموعی طور پر 200 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔ تمام اہلکاروں کو باڈی کیمروں سے لیس کیا جائے گا، جس سے پولیسنگ کے عمل میں شفافیت، نگرانی اور جوابدہی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ نئی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریباً 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں ( EV )کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔

More posts