تہران: ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر ایک امریکی بغیر پائلٹ آبدوز قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی امریکی خودکار آبدوز کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ ایرانی فورسز کا کہنا ہے کہ آبدوز آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر موجود تھی، جہاں اسے روک کر قبضے میں لیا گیا۔
ایرانی دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ خطے میں بحری آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
امریکا کی جانب سے ایرانی دعوے کی فوری طور پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ اس سے قبل بھی امریکی حکام ایرانی فورسز کی جانب سے امریکی بغیر پائلٹ بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کے دعووں کی تردید کر چکے ہیں۔
دو روز قبل پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے ایک بغیر پائلٹ اور ریموٹ سے چلنے والے بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فورسز کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب امریکی بغیر پائلٹ بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایک محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم امریکی حکام نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی تھی۔
اس سے قبل بھی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے تین آئل ٹینکروں اور دیگر علاقوں میں موجود تین امریکی بحری جہازوں سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران نے ان کارروائیوں کو امریکی افواج کی جانب سے تین ایرانی آئل ٹینکروں پر کیے گئے حملوں کا جواب قرار دیا ہے۔
