وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات اٹلی کے نئے سفیر یوگو سیارلاتانی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے نئے اطالوی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان بہترین اور دوستانہ دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہونے والی اپنی سابقہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔
شہباز شریف نے جارجیا میلونی کے مسلسل چار سال تک وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز رہنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عرصے کے ساتھ وہ اٹلی کی طویل ترین مدت تک خدمات انجام دینے والی رہنما بن گئی ہیں۔
اطالوی سفیر یوگو سیارلاتانی نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستانی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے بالخصوص زراعت، آئی ٹی و مصنوعی ذہانت، صنعت، ٹیکسٹائل اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
