برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث شدید افراتفری پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں 600 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق فلائٹ مانیٹرنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار24 نے بتایا کہ منگل کو برطانیہ کے مختلف ہوائی اڈوں سے آنے اور جانے والی کم از کم 625 پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں لندن ہیتھرو سمیت متعدد بڑے ایئرپورٹس شامل ہیں۔
برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے مطابق اس کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں تکنیکی مسئلہ سامنے آیا، جس سے ملک بھر میں پروازوں کا نظام متاثر ہوا۔ انجینئرز نے فوری طور پر خرابی دور کرنے کے لیے کام شروع کیا، بعد ازاں ادارے نے بتایا کہ مسئلے کا حل نافذ کردیا گیا ہے اور فلائٹ سسٹم بتدریج بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔
پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے برٹش ایئرویز، ایزی جیٹ، کے ایل ایم اور لفتھانزا سمیت متعدد ایئرلائنز کی سروسز متاثر ہوئیں۔ کئی مسافروں نے سوشل میڈیا پر شکایات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پروازیں منسوخ ہونے سے قبل کئی گھنٹوں تک طیاروں میں انتظار کرنا پڑا، جبکہ بعض مسافروں نے ایئرلائنز کی جانب سے مناسب معلومات فراہم نہ کیے جانے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔
خرابی سے لندن کے اسٹینسٹڈ اور سٹی ایئرپورٹس کے علاوہ مانچسٹر، برمنگھم، گیٹ وک اور اسکاٹ لینڈ کے مختلف ہوائی اڈے بھی متاثر ہوئے۔ متعلقہ ایئرپورٹس نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ سفر سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال متعلقہ ایئرلائن سے ضرور چیک کریں۔
کم لاگت فضائی کمپنی ایزی جیٹ نے کہا کہ اس کی بعض پروازیں آپریٹ نہیں ہوسکیں، جبکہ نظام میں خرابی کے باعث پورے یورپ میں پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر بھی یورپی مقامات کے لیے روانہ ہونے والی متعدد مختصر فاصلے کی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار دکھائی گئیں۔
