اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کی لندن سے پاکستان واپسی تکنیکی وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے آج لندن سے پاکستان روانہ ہونا تھا تاہم برطانیہ کے مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں کا نظام متاثر ہونے کے باعث ان کی روانگی مؤخر کردی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول کے نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث لندن کے ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، جس کے باعث متعدد پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق صورتحال واضح ہونے کے بعد صدر مملکت کی وطن واپسی کے نئے شیڈول کا فیصلہ کیا جائے گا۔صدر آصف علی زرداری تقریباً دو ہفتے ملک سے باہر رہنے کے بعد پاکستان واپس آنے والے تھے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری بھی اس وقت لندن میں موجود ہیں۔
