Baaghi TV

نیلا گنبد سائیکل مارکیٹ کی دکانیں گرانے کے خلاف درخواست پر جواب طلب

lahore high court

لاہور ہائیکورٹ نے نیلا گنبد سائیکل مارکیٹ کی دکانیں گرانے کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور اور ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

جسٹس احمد ندیم ارشد نے محمد ذکی منیر سمیت 6 دکانداروں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ نیلا گنبد میں پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جا رہا ہے، تاہم ان کی دکانیں زیرِ تعمیر پلازے سے فاصلے پر سائیکل مارکیٹ میں واقع ہیں۔ اس کے باوجود انتظامیہ درخواست گزاروں کی دکانیں بھی گرانا چاہتی ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ پلازے کی تعمیر کے باعث راستے بند ہونے سے دکانداروں کو پہلے ہی کاروباری نقصان کا سامنا ہے، جبکہ دکانیں مسمار کیے جانے کی صورت میں ان کا مزید نقصان ہوگا۔درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ انتظامیہ کو ان کی دکانیں گرانے سے روکا جائے اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔عدالت نے فریقین سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کردی۔

More posts