ایکسس ٹو فنانس اسٹیئرنگ کمیٹی نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے پروگرام کے تحت 17 ہزار 118 درخواستیں منظور کرلیں، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے منظور شدہ قرضوں کے عملی اجرا کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایکسس ٹو فنانس پروگرام اسٹیئرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوا، جس میں پروگرام پر پیش رفت، الیکٹرک گاڑیوں کے لیے قرضوں کی فراہمی اور مالیاتی آگاہی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پروگرام کے تحت اب تک ایک ہزار 860 الیکٹرک بائیکس فراہم کی جاچکی ہیں، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کے لیے 2 ارب 58 کروڑ روپے سے زائد کے قرضے منظور کیے گئے ہیں۔ ان منظور شدہ قرضوں میں سے 80 کروڑ روپے سے زائد کی رقم عملی طور پر جاری بھی کی جاچکی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں مالیاتی آگاہی کے مجموعی طور پر 508 پروگرامز منعقد کیے جانے ہیں، جن میں سے تقریباً 100 پروگرام پہلے ہی مکمل کیے جاچکے ہیں۔ وزیر خزانہ نے مالیاتی آگاہی پروگرامز کے نتائج اور ان کے حقیقی اثرات کا جائزہ لینے پر زور دیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ کاروباری افراد اور نجی شعبے کے لیے رسمی مالیاتی نظام تک رسائی آسان بنانا ضروری ہے۔ پائیدار معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کو فنانسنگ کی فراہمی میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے اور معیشت میں سرمایہ کاری بڑھے۔
وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ صرف قرضوں کی منظوری تک محدود رہنے کے بجائے ان کے عملی اجرا پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنانسنگ کی منظوری کو حقیقی قرض، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمی میں تبدیل کرنا ہوگا، تاکہ ایکسس ٹو فنانس پروگرام کے مطلوبہ معاشی نتائج حاصل کیے جاسکیں۔
