Baaghi TV

امریکا کا حوثیوں کیخلاف کارروائی سے گریز، سعودی عرب کو انٹیلی جنس فراہم کرنے کا فیصلہ

امریکہ نے حوثیوں کے خلاف براہِ راست فوجی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سعودی عرب کو ضروری انٹیلی جنس معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی فیصلے کے مطابق سعودی عرب کو حوثیوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات اور اہداف کی نشاندہی میں مدد فراہم کی جائے گی۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں موجود ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ امریکہ حوثیوں سے متعلق ضروری انٹیلی جنس معلومات اور اہداف کی نشاندہی کرنے والا ڈیٹا سعودی عرب کو فراہم کرے گا۔

امریکی عہدیدار کے مطابق تقریباً 200 امریکی فوجی اہلکار پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں، جو سعودی عرب کو غیر فوجی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ امریکی انتظامیہ فی الحال حوثیوں کے خلاف براہِ راست فوجی کارروائی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

گزشتہ روز ایک امریکی نیوز ویب سائٹ نے انکشاف کیا تھا کہ بحیرۂ احمر میں حوثیوں سے لاحق خطرہ بڑھنے کے بعد سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات کی۔

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ حوثیوں کے خلاف کارروائی کریں، تاہم امریکی صدر نے حوثیوں کے خلاف براہِ راست کارروائی کرنے سے انکار کردیا۔

More posts