نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے چین کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر، علی اسد گیلانی نے ملاقات کی۔
ترجمان دفترخارجہ سجاد حیدر کے مطابق نائب وزیراعظم نے نامزد سفیر علی اسد گیلانی کو ان کی نئی تعیناتی پر مبارکباد دی اور چین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ و آزمودہ تعلقات کی خاص اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، روابط کے فروغ، سی پیک ، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت تمام اہم شعبوں میں پاک چین تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم نے ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسیفک) کے طور پر علی اسد گیلانی کی خدمات کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا وسیع تجربہ اس لازوال شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے نامزد سفیر کے لیے بیجنگ میں ان کی نئی ذمہ داریوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
