Baaghi TV

جماعت اسلامی کی جدوجہد سے حکومت ریلیف دینے پر مجبور ہوئی ، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اعلان کردہ خصوصی ریلیف اسکیم پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ظالمانہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے سے متعلق وزیراعظم کی اسکیم کا جائزہ لیا جائے گا اور اس حوالے سے آج رات جماعت اسلامی اپنا موقف پیش کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف اسکیم سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جاری جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد، لانگ مارچ اور دھرنے اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈالنے کے بجائے حکومت کو پیٹرولیم لیوی ختم کرنی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی ریلیف اسکیم کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اس حوالے سے تفصیلی موقف سامنے لائے گی۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے کے لیے دھرنے جاری ہیں۔ جماعت اسلامی نے اسی سلسلے میں 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور اس کے نتیجے میں عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم کے مطابق خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف دیا جائے گا، جس کے نتیجے میں ان صارفین کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے تک فائدہ حاصل ہوگا۔

اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا، جس سے انہیں ماہانہ زیادہ سے زیادہ 3 ہزار روپے تک فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں خصوصی ریلیف اسکیم کا اطلاق پیر اور منگل کی درمیانی شب سے کیا جائے گا، جبکہ پورے پاکستان، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اسکیم کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔

خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز بھی کردیا گیا ہے، جبکہ اسکیم کے طریقہ کار اور رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں گی۔

More posts