اداکارہ شمع ناز نے راجہ زین اور تین نامعلوم افراد کے خلاف اسٹیج پر تشدد، مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش اور نقدی و زیورات چھیننے کے الزام میں پولیس کو درخواست دے دی۔
درخواست کے مطابق شمع ناز 11 جولائی 2026 کو رات تقریباً 11 بجے گلستان تھیٹر، فیصل آباد روڈ شیخوپورہ میں بطور اداکارہ پرفارم کر رہی تھیں کہ راجہ زین مبینہ طور پر تین نامعلوم افراد کے ہمراہ اسٹیج پر آیا اور اداکارہ کو جوتوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جان بچانے کے لیے اداکارہ چینجنگ روم میں گئیں تو ملزمان مبینہ طور پر ان کے پیچھے وہاں بھی پہنچ گئے۔ شمع ناز کے مطابق ملزمان نے پستول کے زور پر مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی، مزاحمت پر تشدد کیا اور ان کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ تشدد کے نتیجے میں ان کے سر، بازو، گردن کے نیچے اور کمر پر چوٹیں آئیں جبکہ ملزم راجہ زین مبینہ طور پر ان کا پرس بھی لے گیا، جس میں 35 ہزار روپے نقد اور تقریباً آدھا تولہ وزن کے دو طلائی زیورات موجود تھے۔
درخواست کے مطابق شور سن کر شمع ناز کی بہن لیلہ ناز اور ڈرائیور محمد عمران چینجنگ روم میں پہنچے اور انہیں چھڑانے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے مبینہ طور پر ان دونوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں لیلہ ناز نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی، جس پر پولیس کو آتا دیکھ کر ملزمان مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔شمع ناز نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے اپنا طبی معائنہ بھی کرایا ہے۔ درخواست میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ راجہ زین کے خلاف پہلے سے مقدمات درج ہیں۔اداکارہ نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ راجہ زین اور دیگر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
