لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ خواہشمند ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہ آئیں، تاہم وقت بدل جائے گا اور آئین سے غداری کرنے والوں کو بھلایا نہیں جائے گا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اب صرف پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ ہر شخص کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ سپریم کورٹ سے بڑی عدالت کوئی نہیں، لیکن اس کے فیصلے کو بھی نہیں مانا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی جگہ نہیں لے سکتیں، اگر گوہر خان کی جگہ لینے کی بات کی جاتی تو یہ بات سمجھ میں آتی۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آج وہ لوگ باتیں کر رہے ہیں جو خود چیئرمین شپ کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ عوام آخر کب تک یہ ظلم برداشت کریں گے؟انہوں نے مزید کہا کہ وقت بدلے گا اور ان لوگوں کو نہیں بھلایا جائے گا جنہوں نے آئین کے ساتھ غداری کی۔
