پاکستان میں بریسٹ کینسر کے علاج کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں جدید ترین بلقیس و عبدالستار ایدھی بریسٹ ریڈی ایشن یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے سے بریسٹ کینسر کے مریضوں کو عالمی معیار کی ریڈی ایشن تھراپی مفت فراہم کی جا سکے گی، جس سے ہزاروں مریضوں کو جدید اور بروقت علاج میسر آنے کی توقع ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق منصوبہ اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور تمام تکنیکی و انتظامی امور مکمل ہونے کے بعد یہ یونٹ باقاعدہ طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ اس کے آغاز کے بعد بریسٹ کینسر میں مبتلا مریضوں کو جدید ریڈی ایشن علاج کے لیے بیرون ملک یا مہنگے نجی اسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
یہ منصوبہ سندھ حکومت، پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے باہمی تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی جدید ٹوموتھراپی (Tomotherapy) ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے، جو کینسر کے علاج میں جدید ترین ریڈی ایشن سسٹمز میں شمار ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹوموتھراپی کے ذریعے ریڈی ایشن شعاعیں انتہائی درست انداز میں صرف متاثرہ حصے تک پہنچائی جاتی ہیں، جس سے صحت مند بافتوں کو کم سے کم نقصان پہنچتا ہے اور علاج کے بہتر نتائج حاصل ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس جدید نظام سے علاج کی درستگی، مریض کی حفاظت اور صحت یابی کی شرح میں بھی بہتری متوقع ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر خواتین میں سب سے زیادہ تشخیص ہونے والے سرطانوں میں شامل ہے، اس لیے سرکاری سطح پر اس نوعیت کی جدید سہولت کا قیام ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف سندھ بلکہ ملک کے دیگر صوبوں سے آنے والے مریض بھی مستفید ہو سکیں گے۔
صحت کے شعبے سے وابستہ حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں ملک کے دیگر بڑے سرکاری اسپتالوں میں بھی اسی معیار کے جدید کینسر علاج مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو معیاری اور مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
جناح اسپتال میں جدید بریسٹ ریڈی ایشن یونٹ قائم، کینسر مریضوں کو مفت علاج کی سہولت
