Baaghi TV


کراچی: پھل فروش نے گڑھے میں گرنے والے بچے کی جان بچا لی

‎کراچی کے علاقے منظور کالونی میں ایک پھل فروش نے بروقت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گڑھے میں گرنے والے بچے کی جان بچا لی۔ شہری کی فوری کارروائی نے ایک ممکنہ بڑے حادثے کو ٹال دیا، جس پر علاقے کے مکینوں نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
‎رپورٹ کے مطابق منظور کالونی میں ایک بچہ اچانک گہرے گڑھے میں جا گرا۔ واقعہ دیکھتے ہی قریب موجود ایک پھل فروش نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر فوراً گڑھے میں چھلانگ لگا دی اور بچے کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
‎بچے کی جان بچانے پر اہلِ علاقہ نے پھل فروش کو ہار پہنا کر ان کی جرات اور انسان دوستی کو سراہا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے افراد معاشرے کے حقیقی ہیرو ہیں جو مشکل وقت میں دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔
‎پھل فروش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی اس نے بچے کو پانی میں گرتے دیکھا، فوراً اسے بچانے کے لیے چھلانگ لگا دی۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ علاقے میں جاری تعمیراتی کام جلد مکمل کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے خطرناک واقعات سے بچا جا سکے۔
‎یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں سات سالہ بچہ جہانگیر کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا تھا۔ امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد بچے کی لاش نکالی تھی، جس کے بعد علاقہ مکینوں نے کھلے مین ہولز اور انتظامی غفلت کے خلاف شدید احتجاج بھی کیا تھا۔
‎شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، کھلے گڑھوں اور مین ہولز کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے اور غفلت برتنے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

More posts