Baaghi TV

احسن اقبال کا مرحوم سرتاج عزیز کو خراجِ عقیدت، پی ایچ ڈی اسکالرشپ کے اجرا کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے مرحوم سرتاج عزیز کی برسی کے موقع پر منعقدہ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ سرتاج عزیز ایک ایسی نایاب نسل کی قیادت سے تعلق رکھتے تھے جس میں دیانت داری اور قابلیت، انکساری اور ذہانت، سیاسی بصیرت اور معاشی دور اندیشی یکجا نظر آتی تھی۔انہوں نے اعلان کیا کہ وزارتِ منصوبہ بندی مرحوم سرتاج عزیز کے نام سے ڈیولپمنٹ اکنامکس کے شعبے میں پی ایچ ڈی اسکالرشپ کا آغاز کرے گی، جس کے تحت طلبہ کو دنیا کی صفِ اول کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سرتاج عزیز پیشے کے اعتبار سے ماہرِ معاشیات تھے، مگر روح کے اعتبار سے وہ اس سے کہیں بڑھ کر تھے۔ ان کی زندگی اس بات کی روشن مثال ہے کہ عزم اور مقصدیت انسان کو کہاں سے کہاں پہنچا سکتی ہے۔ سادہ پس منظر سے تعلق رکھنے کے باوجود انہوں نے ملک کے اعلیٰ ترین عہدوں پر خدمات انجام دیں، جن میں وزیر خزانہ، وزیر خارجہ، قومی سلامتی کے مشیر، نائب چیئرمین پلاننگ کمیشن اور بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر جیسے اہم عہدے شامل ہیں۔ یہ سب مناصب اس اعتماد کا مظہر ہیں جو قوم کو ان کی بصیرت اور دانش پر تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان تمام کامیابیوں سے بڑھ کر سرتاج عزیز ایک مضبوط کردار کے حامل انسان تھے۔ وہ اپنے خاندان سے محبت کرنے والے، دوستوں کے لیے وفادار اور اپنے ایمان پر ثابت قدم تھے۔ جو لوگ ان سے ملے، وہ ان کی مسکراہٹ، سادہ طرزِ گفتگو اور پُراعتماد شخصیت کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے والے ان کی نظم و ضبط، گہری تیاری اور عمر کے آخری حصے تک مثالی محنت کو نہیں بھول سکتے۔احسن اقبال نے زور دیا کہ سرتاج عزیز کو محض تعریفی الفاظ سے نہیں بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکتا ہے، جس میں مضبوط اداروں کی تعمیر، سفارش کے بجائے میرٹ کو ترجیح دینا، ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو مقدم رکھنا، علم، تحقیق اور دلیل کو فروغ دینا، پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانا، عالمی سطح پر پاکستان کے باوقار کردار کو اجاگر کرنا اور آنے والی نسلوں میں بااخلاق قیادت کی آبیاری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز کی زندگی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ قوم کی خدمت کے لیے طاقتور پس منظر نہیں بلکہ تعلیم، دیانت داری، نظم و ضبط اور پختہ عزم درکار ہوتا ہے۔

More posts