کوچی: ایئر انڈیا ایکسپریس کی بوئنگ 737 پرواز IX 415 کوچی سے ابوظہبی جاتے ہوئے دورانِ پرواز انجن میں تیل کی مقدار تیزی سے کم ہونے کے باعث واپس کوچی پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق پرواز نے کوچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانگی کے تقریباً 50 منٹ بعد جب 36 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہی تھی، تو پائلٹ اور معاون پائلٹ نے انجن نمبر ایک میں تیل کی مقدار میں تیزی سے کمی نوٹ کی۔صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے عملے نے FORDEC طریقہ کار کے تحت فیصلہ سازی کا جائزہ لیا۔ تیل کی مقدار مسلسل کم ہونے پر عملے نے ابوظہبی جانے کا سفر منسوخ کرکے طیارے کو واپس کوچی لے جانے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق تیل کا دباؤ خطرناک حد تک کم ہونے کے بعد عملے نے انجن نمبر ایک بند کردیا۔ پائلٹس نے ہنگامی صورتحال سے نمٹتے ہوئے طیارے کو بحفاظت کوچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا۔طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کے بعد واقعے کی وجوہات اور انجن کی تکنیکی خرابی کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔
