Baaghi TV

ایسے لوگ بھی 18ویں ترمیم پر لیکچر دے رہےجو فارم 47 کی پیداوار ہیں،شرجیل میمن

sharjeel

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرنے والے وفاقی وزرا کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے فیصلے وہی لوگ کریں گے جنہیں عوام نے ووٹ دے کر منتخب کیا ہے، خیراتی یا مصنوعی مینڈیٹ پر بیٹھے لوگ قوم کے فیصلے نہیں کرسکتے۔

سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صحت، تعلیم، توانائی اور دیگر شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ آج بعض وفاقی وزرا 18ویں ترمیم کے خلاف بات کررہے ہیں، انہیں دیکھنا چاہیے کہ ترمیم سے پہلے جناح اسپتال کی صورتحال کیا تھی اور آج کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ایسے لوگ بھی 18ویں ترمیم پر لیکچر دے رہے ہیں جو فارم 47 کی پیداوار ہیں۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ تھر سے ساڑھے 3 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا ہورہی ہے، سندھ کے وسائل سے پیدا ہونے والی توانائی سے پورا ملک فائدہ اٹھا رہا ہے۔

سینئر وزیر سندھ نے مصطفیٰ کمال، احسن اقبال، خواجہ آصف اور دیگر وفاقی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں 18ویں ترمیم یا سندھ کے مؤقف پر اعتراض ہے تو پارلیمنٹ میں آکر بات کریں۔ سندھ اسمبلی ہر بات کا آئینی اور قانونی جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس دلیل اور واضح مؤقف ہے تو اسمبلی میں آکر پیش کرے۔ وفاقی وزرا سے گزارش ہے کہ پہلے عوام کے درمیان جائیں، عوام سے ووٹ لے کر منتخب ہوکر آئیں، پھر قوم کے فیصلوں پر بات کریں۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ خیراتی یا مصنوعی مینڈیٹ پر بیٹھے لوگ قوم کے فیصلے نہیں کرسکتے، قوم کے فیصلے وہی لوگ کریں گے جنہیں قوم نے ووٹ سے منتخب کیا ہے۔

More posts