Baaghi TV

الجزائر نے متحدہ عرب امارات کے لیے فضائی حدود بند کر دیں

الجزائر کی وزارتِ دفاع نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کردیا۔

الجزائری وزارتِ دفاع کے مطابق اماراتی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات منقطع ہونے کے بعد کیا گیا ہے، تاہم اماراتی کمرشل پروازوں کو رواں سال کے اختتام تک استثنیٰ دیا گیا ہے۔وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ الجزائر سے آنے اور جانے والی اماراتی کمرشل پروازیں سال کے آخر تک جاری رہیں گی، جبکہ اماراتی کمرشل پروازوں سے متعلق الجزائر کا موجودہ معاہدہ بھی سال کے اختتام پر ختم ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال فروری میں الجزائر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ 2013 میں طے پانے والے فضائی سروسز معاہدے کو منسوخ کرنے کا عمل شروع کیا تھا۔واضح رہے کہ الجزائر نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم الجزائر کی جانب سے اس فیصلے کی فوری طور پر کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی گئی۔دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ الجزائری میڈیا ماضی میں متحدہ عرب امارات پر خطے میں اختلافات اور انتشار کو ہوا دینے کے الزامات بھی عائد کرتا رہا ہے۔

More posts