آج کے جدید اسمارٹ فونز جہاں پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور مؤثر ہو چکے ہیں، وہیں ان میں خرابی کے امکانات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والے صارفین کو اکثر اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ ان کا فون چارج نہیں ہوتا یا مکمل طور پر بند ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس مسئلے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں سافٹ ویئر خرابی، بیٹری کی خرابی، یا فون کا گرنا اور نمی کا اثر شامل ہیں۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ فون کی بیٹری مکمل طور پر ختم ہو جاتی ہے اور صارف کو لگتا ہے کہ فون خراب ہو گیا ہے، حالانکہ اسے صرف مناسب وقت تک چارج کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر فون بالکل ڈیڈ ہو جائے تو اسے کم از کم 15 سے 30 منٹ تک چارج پر لگائے رکھنا چاہیے۔ اس دوران فون فوری طور پر آن نہیں ہوتا کیونکہ بیٹری کو ایک خاص حد تک چارج ہونا ضروری ہوتا ہے۔ لیتھیم آئیون بیٹریز میں ایک سلیپ موڈ بھی موجود ہوتا ہے جو بیٹری کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے عارضی طور پر پاور سپلائی روک دیتا ہے۔
اگر کچھ دیر چارج کرنے کے باوجود بھی فون آن نہ ہو تو سب سے پہلے چارجر، کیبل اور پاور اڈاپٹر کو اچھی طرح چیک کریں۔ اکثر مسئلہ بجلی کی ناقص فراہمی یا خراب کیبل کی وجہ سے بھی پیش آتا ہے۔
مزید یہ کہ بیٹری کی عمر بڑھانے کے لیے ضروری ہے کہ اسے بار بار مکمل زیرو تک ختم نہ ہونے دیا جائے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ فون کو اس وقت چارج کریں جب بیٹری 20 فیصد تک آ جائے اور اسے 80 فیصد تک چارج رکھنا بہتر ہوتا ہے۔
اینڈرائیڈ فون چارج نہ ہو تو کیا کریں؟ آسان حل جانیں
