پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ سامنے آیا ہے، جہاں مس ورلڈ پاکستان 2026 کا تاج اپنے نام کرنے والی انیقہ معراج پہلی بار مس ورلڈ کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ یہ مس ورلڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ پاکستان کی کوئی امیدوار اس بین الاقوامی مقابلے میں شریک ہوگی۔
مس ورلڈ تنظیم کے مطابق مقابلے کی 75ویں سالگرہ کا خصوصی ایڈیشن 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر سے امیدوار شرکت کریں گی۔ انیقہ معراج اس عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا پرچم بلند کریں گی۔
24 سالہ انیقہ معراج بزنس اور اکنامکس میں گریجویٹ ہیں اور ان کی تعلیمی تخصص اکاؤنٹنگ اور آڈٹنگ میں ہے۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے لیے اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انیقہ معراج کا کہنا ہے کہ وہ صرف اپنے کیریئر تک محدود نہیں رہنا چاہتیں بلکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بھی عملی کردار ادا کرنے کی خواہشمند ہیں۔ ان کے مطابق تعلیم اور مساوی مواقع ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد بن سکتے ہیں، اور وہ اس مقصد کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔
انیقہ معراج کی تاج پوشی کی تقریب حال ہی میں لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022 ڈاکٹر شفق اختر اور مسٹر پاکستان ورلڈ عطاء اللہ گجر نے انہیں تاج پہنایا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور نئی مس ورلڈ پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔
انیقہ معراج کی عالمی مقابلے میں شرکت کو پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ پہلی مرتبہ ملک کو مس ورلڈ کے بین الاقوامی اسٹیج پر نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔ ان کی شرکت سے نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہونے کی توقع ہے بلکہ نوجوان خواتین کے لیے بھی نئے مواقع اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
انیقہ معراج مس ورلڈ 2026 میں پاکستان کی پہلی نمائندہ بنیں گی
