Baaghi TV

کونتریلہ میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کے قیام کی منظوری، نوٹیفیکیشن جاری

سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی ذاتی دلچسپی اور انتھک کاوشیں رنگ لے آئیں، کونتریلہ کی ہزاروں طالبات کا بڑا مسئلہ حل
لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے عملی اقدامات سے دھرتی ماں اور علاقے کی بچیوں کے لیے تعلیمی سفیر کا حق ادا کر دیا، والدین میں خوشی کی لہر۔
گوجرخان (قمرشہزاد) حکومت پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے گوجرخان کی اہم ترین یونین کونسل کونتریلہ میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کے قیام کی حتمی منظوری دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ کالج تعلیمی سیشن 2026-27 سے باقاعدہ کام شروع کر دے گا، جس سے علاقے میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کونتریلہ اور اس کے گردونواح کے درجنوں دیہاتوں کی طالبات کے لیے ہائر سیکنڈری اور گریجویشن کی تعلیم کا حصول ایک انتہائی کٹھن مرحلہ تھا۔ بچیوں کو روزانہ طویل اور دشوار گزار سفر طے کر کے گوجرخان شہر جانا پڑتا تھا، جس کے باعث سفری اخراجات اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے متعدد غریب والدین اپنی بچیوں کو میٹرک کے بعد تعلیم چھڑوانے پر مجبور تھے۔ علاقے کے اس سنگین اور دیرینہ ترین مسئلے کو حل کرنے میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جنرل ندیم احمد انجم کی ذاتی دلچسپی، انتھک محنت اور خصوصی کاوشوں کی بدولت ہی اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانا ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے حکومتی سطح پر اس منصوبے کی فائل کو آگے بڑھایا اور کونتریلہ کی بیٹیوں کے لیے اس عظیم تعلیمی ادارے کی منظوری کو یقینی بنایا۔ کالج کی منظوری کی خبر پھیلتے ہی کونتریلہ اور مضافاتی دیہاتوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

والدین اور عوامی و سماجی حلقوں نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے علاقے کی بچیوں کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنا کر دھرتی ماں سے سچی محبت کا ناقابلِ فراموش ثبوت دیا ہے۔ اس کالج کے قیام سے نہ صرف والدین کا ایک بڑا اور دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو گیا ہے بلکہ اب غریب ترین گھرانے کی بچی بھی اپنے گھر کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکے گی۔

More posts