Baaghi TV

مسلح افواج کی جانب سے میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر کی 68ویں برسی پر خراجِ عقیدت

پاک افواج میں شہادت کا ایک ایسا جذبہ موجود ہے جس نے بڑی بڑی داستانیں رقم کی ہیں ،افواجِ پاکستان نے دنیا بھر میں اپنی شجاعت کی وہ مثالیں قائم کی ہیں جن کی نظیر نہیں ملتی،یہ ایک ایسے بہادر سپوت کی داستان ہے جس نے لکشمی پور مشرقی پاکستان میں دشمنوں کو ناکوں چنے چبوائے اور وطن کی عظمت اور حفاظت کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا،بروقت قوتِ فیصلہ، بھرپور جوابی وار اور اللہ پر ایمان نے میجر طفیل محمد شہید کو یہ اعزاز بخشا کہ دُشمن کو نہ صرف آگے بڑھنے سے روکا بلکہ واپس لوٹنے پر بھی مجبور کر دیا،ہندوستانی سرحد سے متصل لکشمی پور کا علاقہ مشرقی پاکستان میں ہندوستانی اشیاء کی سمگلنگ کے لیے استعمال ہو رہا تھا ،سرحد پر غیر قانونی حرکت کو روکنے کے لیے ایسٹ پاکستان رائفلز(EPR)کو تعینات کیا گیا،اگست1958میں تمام بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتے ہوئے ہندوستانی فوج نے سمگلرز کو تحفظ دینے کے لیے لکشمی پور پر قبضہ کر لیا ،میجر طفیل کو یہ علاقہ وا گزار کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ،7اگست کی رات انہوں نے ایک غیر متوقع سمت سے حملہ کر کے دشمن کو حیران کر دیا،حملے کی قیادت کے دوران میجر طفیل دشمن کی مشین گن فائر کی زد میں آگئے،زخموں سے بکثرت خون بہنے کے باوجود آپ نے دستی بموں کا حملہ جاری رکھا اور دشمن کی مشین گن کو خاموش کرا دیا،اسی دوران آپ زخمی ہوۓ اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے سے قبل میجر طفیل دشمن کو لکشمی پورسے بے دخل کرنے میں کامیاب ہو چُکے تھے،میجر طفیل محمد شہید اپنا آج وطنِ عزیز پر قربان کر کے آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بن گئے،

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت مسلح افواج نے میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر کی 68ویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف کارروائی کے دوران غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کے خلاف جرات مندانہ کارروائی کی اور شدید زخمی ہونے کے باوجود مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھی۔میجر طفیل محمد شہید کی بے مثال شجاعت، ثابت قدمی اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا، جو قوم کی جانب سے ان کی بہادری اور قربانی کی سب سے بڑی علامت ہے۔

اس موقع پر مسلح افواج اور قوم نے میجر طفیل محمد شہید سمیت ان تمام شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔مسلح افواج کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں، حب الوطنی اور بے مثال شجاعت آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیاں ملک کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے ہر فرد کے لیے عزم، حوصلے اور وفاداری کی علامت ہیں

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر کی 68ویں برسی پر خراجِ عقیدت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر کی 68ویں برسی پر وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ان کی لازوال قربانی اور بے مثال شجاعت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے ناجائز قبضے کا خاتمہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور دفاعِ وطن کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا،میجر طفیل محمد شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مشن مکمل کیا اور فرض شناسی، جرات اور استقامت کی نئی مثال قائم کی،میجر طفیل محمد شہید کی عظیم قربانی اور بے مثال شجاعت ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی،پاکستان اپنے شہداء کا ہمیشہ مقروض رہے گا۔ قوم کے یہ عظیم سپوت ہماری آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں،میجر طفیل محمد شہید کی جرات کی داستان ہماری بہادر مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کی روشن علامت ہے،

More posts