اسلام آباد، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے نوشکی میں 9 سالہ بچی سے زیادتی و قتل اور کراچی کے علاقے گزری میں خاتون پر تیزاب پھینکے جانے کے واقعات کا نوٹس لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے دونوں واقعات سے متعلق آئی جی بلوچستان اور آئی جی سندھ کو الگ الگ مراسلہ جات ارسال کیے ہیں۔دونوں الگ الگ مراسلہ جات میں متعلقہ پولیس حکام سے واقعات کی قانون کے مطابق مکمل اور جامع تحقیقات یقینی بنانے، فوری مناسب کارروائی کرنے اور پیش رفت سے متعلق جامع رپورٹ فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ واقعات کی حساس نوعیت کے پیش نظر تحقیقات ترجیحی بنیادوں پر کی جائیں تاکہ متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔وفاقی وزیر نے دونوں واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر نے دونوں واقعات کی پیش رفت سے متعلق جامع رپورٹس بھی طلب کی ہیں۔وفاقی وزیر انسانی حقوق نے اس امر پر زور دیا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد اور جرائم کے واقعات میں قانون کے مطابق مؤثر کارروائی اور متاثرہ افراد کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزارتِ انسانی حقوق دونوں واقعات پر متعلقہ حکام سے پیش رفت حاصل کرنے کا عمل جاری رکھے گی۔
