امریکا نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر مالیت کے جدید بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کو جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز-ایکسٹینڈڈ رینج (JDAM-ER) کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی گئی ہے، جس کا بنیادی ٹھیکہ امریکی کمپنی بوئنگ کو ملے گا۔امریکی محکمہ خارجہ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کو 750 ملین ڈالر مالیت کے AGT-150 انجنز کی علیحدہ فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس معاہدے کا ٹھیکہ ہنی ویل کو ملنے کی توقع ہے۔ یہ انجن لڑاکا ٹینکوں میں استعمال ہوتے ہیں۔محکمہ خارجہ کے مطابق مجوزہ دفاعی سودوں سے سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، جبکہ دفاعی تیاری، آپریشنل ضروریات پوری کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بھی تقویت ملے گی۔
دریں اثنا امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی مزید دو دفاعی معاہدوں کی منظوری دی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عمان کو F-16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے 188 ملین ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔اسی طرح عراق کو 150 ملین ڈالر مالیت کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹرز فروخت کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
