Baaghi TV

بانی پی ٹی آئی کی رہائی بارے اجلاس میں ہنگامہ، ناراض ارکان واک آؤٹ کر گئے

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اندرونی اختلافات کے باعث ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا، جہاں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کے دوران ناراض ارکان اور قیادت کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی تقریر کے بعد ناراض دھڑے کے ارکان نے سخت مؤقف اختیار کیا، جس سے اجلاس کا ماحول کشیدہ ہوگیا۔ ارکان کی جانب سے کیے گئے سخت ریمارکس پر وزیراعلیٰ نے بھی برہمی کا اظہار کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے ناراض ارکان کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم اس کے باوجود متعدد ارکان اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آؤٹ کر گئے۔

رکن صوبائی اسمبلی فضل الہٰی نے بتایا کہ اجلاس میں تمام ارکان نے شرکت کی، تاہم ناراض اراکین نے مطالبہ کیا کہ جس طرح سینیٹ انتخابات کے موقع پر حلف لیا گیا تھا، اسی طرح بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک کے لیے بھی تمام ارکان سے باقاعدہ حلف لیا جائے۔فضل الہٰی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی صرف بیانات اور تقاریر سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ناراض ارکان نے یہ مطالبات پیش کیے تو قیادت نے اسے ناپسند کیا، جس کے باعث اجلاس میں تلخی پیدا ہوئی۔

More posts