گوجرخان (قمرشہزاد) گوجرخان پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کر دی۔ اے ایس پی سید دانیال حسن کی زیرِ نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ گوجرخان مرزا طیب ظہیر بیگ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے سرور شہید کالج کے قریب بینظیر انکم سپورٹ آفس کے باہر دن دیہاڑے ہونے والی سنگین ڈکیتی کی واردات کی گھتیاں سلجھا دیں۔ اے ایس آئی ثاقب اور ان کی ٹیم نے جدید سائنٹیفک ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے محض چند روز میں اصل ملزمان کا گھیرا تنگ کیا اور شرقی علاقے کمانیدریال سے حیدر نامی ملزم کو دبوچ لیا۔
دورانِ تفتیش گرفتار ملزم حیدر نے ہوشربا سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، جس کے بعد اس کے ہمراہی ساتھیوں اویس اور دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے جال بچھا دیا ہے۔ ایس ایچ او مرزا طیب ظہیر بیگ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم کے انکشافات کی روشنی میں مزید سنسنی خیز گرفتاریاں متوقع ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی ضلعی سطح پر سنگین جرائم میں ریکارڈ یافتہ ہیں اور ضلع راولپنڈی کے متعدد تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ بیوہ اور بے سہارا خواتین کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے اس گروہ کی گرفتاری پر عوامی سماجی حلقوں نے اے ایس پی سید دانیال حسن اور ایس ایچ او مرزا طیب ظہیر بیگ اور ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان درندہ صفت عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی کو ایسی جسارت کی ہمت نہ ہو سکے۔ ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لوٹی گئی رقم کی برآمدگی کے لیے تحرک جاری ہے۔
