فرانسیسی شپنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا بحری جہاز سان انتونیو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے حملے کی زد میں آیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے متعدد ارکان زخمی ہوئے جبکہ جہاز کو بھی نقصان پہنچا ہے،بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر جہاز سے نکال کر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے،کمپنی نے یہ بھی بتایا ہے کہ صورتِ حال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور عملے کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار ہے۔
علاوہ ازیں ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیدی۔ ترجمان نے بیان میں کہا وارننگ ان تمام جہازوں کیلئے ہے جو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہیں۔ترجمان ایرانی بحریہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے ہماری اجازت کے بغیر کوئی جہاز نہیں گزرسکتا، جہازوں کا دوسری طرف رخ موڑنا غیرمحفوظ ہے، کسی بھی جہاز نے خلاف ورزی کی تو اس کیخلاف سخت ایکشن ہوگا۔
دوسری جانب ایران نے متحدہ عرب امارات کے الزامات کی تردید کردی، کہا کہ یو اے ای کا امریکا اور اسرائیل سے تعاون ناقابل قبول ہے۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دفاعی کارروائی صرف امریکا کیخلاف تھی، ابوظبی میں فوجی اڈے ایران کیخلاف اقدام تصور کیا جارہا ہے، ایران مخالف اقدامات پر بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔
