Baaghi TV


کینیڈا کی وزیر خارجہ کی آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

‎راولپنڈی: کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور خطے کے استحکام کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور باہمی اشتراک ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن، استحکام اور علاقائی سلامتی کے فروغ کے لیے ممالک کے درمیان مؤثر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
‎آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دوطرفہ دفاعی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دفاع، سلامتی اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
‎کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔
‎ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ دفاعی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے روابط اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

More posts