Baaghi TV

میکسیکو کی تاریخی آرکیولوجیکل سائٹ پر فائرنگ، کینیڈین سیاح ہلاک، متعدد زخمی

میکسیکو میں ایک تاریخی آرکیولوجیکل سائٹ پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک کینیڈین سیاح ہلاک جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سیاحوں میں بھگدڑ مچ گئی۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو سٹی کے قریب واقع قدیم آثارِ قدیمہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک مسلح حملہ آور نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک کینیڈین شہری موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ متعدد غیر ملکی سیاح زخمی ہو گئے۔سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور نے فائرنگ کے بعد خودکشی کر لی۔ پولیس اور سکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ایک کینیڈین، ایک کولمبین، ایک برازیلین اور دو امریکی شہری شامل ہیں، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔فائرنگ کے بعد موقع پر بھگدڑ مچنے سے مزید 7 افراد معمولی زخمی ہوئے، جنہیں جائے وقوعہ پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ، چاقو اور گولیاں بھی برآمد کر لی ہیں، جبکہ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ابھی تک حملہ آور کی شناخت اور اس کے ممکنہ مقاصد کے بارے میں کوئی حتمی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔

More posts