Baaghi TV

کیپٹن علی عامر شہید کے والد کا بیٹے کی شہادت پر قوم کے نام دل کو چھو جانے والا جذباتی پیغام

شمالی وزیرستان میں وطن عزیز کے دفاع کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن علی عامر شہید کے والد نے اپنے بیٹے کی نمازِ جنازہ کے موقع پر قوم کے نام ایک نہایت جذباتی اور حب الوطنی سے بھرپور پیغام دیا، جس نے حاضرین کے دلوں کو چھو لیا۔

کیپٹن علی عامر شہید کے والد نے کہا کہ پاک آرمی کا ہر سپاہی اللہ کا سپاہی ہے اور ان کا بیٹا پاکستان اور عالمِ اسلام کی خدمت اور دفاع کے لیے پاک فوج کا حصہ بنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کا گھر ہے اور اگر کوئی باعزت اور باغیرت شخص اپنے گھر کی حفاظت نہ کرے تو پھر کوئی دوسرا اس کی حفاظت نہیں کر سکتا۔انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ کا کرم ہے کہ ان کے بیٹے کو شہادت کا عظیم رتبہ حاصل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ایک عامر تو کیا، اگر ضرورت پڑی تو وہ ہزار عامر بھی قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔شہید کے والد نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ان کے دیگر بیٹے اور پوتے بھی پاک فوج میں شامل ہو کر ملک و قوم کی حفاظت کا فریضہ انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی سلامتی اور بقا کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ کیپٹن علی عامر نے شمالی وزیرستان میں فرض کی ادائیگی کے دوران دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ وطنِ عزیز آج کیپٹن علی عامر جیسے بہادر شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی عظیم قربانیوں کی بدولت قائم و دائم ہے۔

کیپٹن علی عامر شہید کے والد کا جذبہ اور عزم اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ جب تک ایسے بہادر اور محبِ وطن والدین موجود ہیں، پاکستان کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔

More posts