Baaghi TV

آئندہ چند روز کے دوران بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی

karachi rain

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، پوٹھوہار، اسلام آباد، مری، گلیات اور شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم سمیت گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اسی طرح فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن میں کہیں کہیں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان بھی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت اور وزیرستان کے علاوہ سوات، دیر، چترال، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہستان اور تورغر میں بھی بارش کا امکان ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج سے 13 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش متوقع ہے، جبکہ گلگت، سکردو، استور، دیامر، غذر، گانچھے، شگر، نگر اور ہنزہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، سبی، کوہلو، زیارت، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور لورالائی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کل سے 13 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے، جہاں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد اور دادو متاثر ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ بدصوات، اشکومن، ہنارچی، ترسات، ہندور، التر، گوپس، یاسین، روشن، ہاکیس، چٹی بوئی، ٹھلو، ریشون، بریپ، بونی، سردار گول، پنڈورو، چاٹ، خپلو، ہسپر، ہوپر اور غلکن سمیت متعدد علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔مزید برآں گلتنگ اور اس سے ملحقہ علاقوں کو گلیشیائی جھیلوں کے ممکنہ سیلاب کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، مانسہرہ، ایبٹ آباد، قراقرم ہائی وے، جگلوٹ۔سکردو روڈ، ہنزہ۔گوجال روڈ، گلگت۔غذر، نلتر، بگروٹ اور ہراموش کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

More posts