بلوچستان میں پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس کی جانب سے مشترکہ "آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے دوران تازہ کارروائیوں میں مزید 9 خارجی دہشتگرد مارے گئے ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور افتادہ راستوں میں چھپے دہشتگردوں کو فضائی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے خارجی دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 88 خارجی دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک بلوچستان بھر میں آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی تاکہ صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
