Baaghi TV


قصور میں بانس کی کونپلیں چوری کرنے کے الزام میں چینی شہری گرفتار

‎قصور کے علاقے گنڈا سنگھ والا تھانے کی حدود میں دیہاتیوں نے بانس کی کونپلیں (شوٹس) چوری کرنے کے الزام میں چند چینی شہریوں کو مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
‎مقامی افراد کے مطابق چینی شہری بانس کے کھیتوں میں داخل ہو کر نئی نکلنے والی کونپلیں کاٹ رہے تھے۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کافی عرصے سے بانس کے کھیتوں سے مسلسل کونپلیں غائب ہو رہی تھیں، جس کے باعث کاشتکاروں کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، تاہم اس سے قبل مبینہ چوروں کا سراغ نہیں لگایا جا سکا تھا۔
‎اطلاعات کے مطابق دیہاتیوں نے منصوبہ بندی کے تحت نگرانی کی اور مبینہ طور پر چوری کی کوشش کے دوران چینی شہریوں کو پکڑ لیا۔ اس دوران ان کی گاڑی بھی اپنی تحویل میں لے لی گئی، جبکہ موقع سے کلہاڑیاں، چاقو اور دیگر اوزار بھی برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
‎مقامی افراد نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی، جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔ ویڈیو میں چند افراد کو روک کر ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، تاہم ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
‎بانس کے کھیتوں کے مالکان نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اور متعلقہ حکام اس معاملے کی مکمل تحقیقات کریں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ملوث افراد کے خلاف پاکستان کے مروجہ قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے۔ بعض متاثرین نے غیر ملکی شہریوں سے متعلق قانونی اور سفارتی تقاضوں کے مطابق بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

More posts