دادو باغی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری
دادو کے علاقے دانو چانڈیو میں چانڈیو برادری کے دو فریقوں کے درمیان جاری پرانے تنازع نے ایک بار پھر خونریز رخ اختیار کر لیا۔ دونوں فریقوں کے درمیان شدید فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں بچل چانڈیو، حاجن چانڈیو، سلطان، منظور، سونو اور ذوالفقار چانڈیو سمیت 8 افراد شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان پہلے سے تنازع چلا آ رہا تھا، جو آج دوبارہ شدت اختیار کر گیا۔ فائرنگ کے دوران ایک راہگیر خاتون سمیت 3 افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ مقامی سطح پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو مزید جانی نقصان ہوسکتا ہے۔پ
جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دادو کے گوٹھ دانو چانڈیو میں دشمنی کی بنیاد پر 8 افراد کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی، مراد علی شاہ نے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قانون کسی کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، مجرموں کو ہر صورت کٹہرے میں لایا جائے، وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو فوری طور پر واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات دیتے ہوئے گاؤں میں امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے اور کشیدگی فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔
